فالوورز کی زیادہ تعداد کامیابی کی ضامن نہیں، عائزہ خان
کراچی: معروف اداکارہ عائزہ خان نے کہا کہ سوشل میڈیا پر فالوورز کی زیادہ تعداد کامیابی کی ضمانت نہیں ہوتی۔
دو روز پہلے عائزہ خان کے انسٹاگرام پر 8 ملین یعنی 80 لاکھ فالوورز ہوگئے تھے جس کے بعد وہ پاکستان کی سب سے زیادہ فالو کی جانے والی اداکارہ بن گئیں۔ عائزہ خان نے انسٹاگرام پر فالوورز کی تعداد میں اضافے کے حوالے سے گزشتہ روز ہی ایک طویل پوسٹ شیئر کی جس میں پہلے تو انہوں نے اپنے تمام چاہنے والوں کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے انہیں فالو کیا اور انہیں پاکستان کی سب سے زیادہ فالو کی جانے والی فنکارہ بنایا۔
عائزہ خان نے کہا یہ کہنا ضروری ہے کہ آج اگر میں اپنے زیادہ فالوورز ہونے کی خوشی منارہی ہوں تو صرف اس وجہ سے کہ آج میں جس مقام پر ہوں وہاں تک پہنچنے کے لیے میں نے بہت محنت کی ہے۔ لیکن میں ایک بات کہنا چاہتی ہوں میری توجہ کبھی بھی اپنے فالوورز کی تعداد بڑھانے کی جانب مرکوز نہیں رہی، بلکہ میں نے ہمیشہ اپنے کام پر توجہ دی۔ میری والدہ نے ہمیشہ مجھے سکھایا ہے کہ محنت کرنا اہم ہے اور صبر سے کام لیں۔
انہوں نے کہا فالوورز کی زیادہ تعداد طویل مدت تک کامیابی کی ضمانت نہیں ہوتی۔ یہی وجہ ہے کہ کچھ لوگ جن کے انسٹاگرام پر محض چند ہزار فالوورز ہیں وہ لوگ زیادہ بااثر ہیں ان لوگوں کے مقابلے جن کے لاکھوں کی تعداد میں فالوورز تو ہیں لیکن وہ لوگ زیادہ بااثر نہیں۔ براہ کرم وہ بے وقوف نہ بنیں جو نمبرز کے پیچھے بھاگتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ محنت کا پھل ہمیشہ میٹھا ہوتا ہے۔ لہٰذا وہ بنیں جو آپ بننا چاہتے ہیں۔ ہمیشہ طویل کامیابی کے لیے کوشش کریں، نہ کہ اپنی لاسٹ پوسٹ پر آنے والے لائیکس کی تعداد کو دیکھ کر لطف اندوز ہوں۔ میں نے کبھی بھی اپنے انسٹاگرام پر فالووز کی تعداد بڑھانے کے لیے کام نہیں کیا، بلکہ میں نے ہمیشہ اپنی انرجی اپنے کام، اپنی اداکاری اور خاص کر ماڈلنگ کو بہتر بنانے پر صرف کی ہے۔ اور میرے مداحوں کی تعداد بڑھتی گئی۔
انہوں نے کہا میں آپ سب لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں کیونکہ یہ احساس بہت خوبصورت ہے کہ لاکھوں کی تعداد میں لوگ آپ کے ٹیلنٹ اور آپ کے کام کو دیکھتے اور سراہتے ہیں بجائے اس کے کہ اندھوں کی طرح بس فالو کا بٹن دباتے رہتے ہیں بغیر یہ جانے کہ میں دراصل کرتی کیاہوں۔ مجھے آپ سب سے بہت پیار ہے، بہت شکریہ۔