پہلا ٹیسٹ، نیشنل اسٹیڈیم کے راستے 5 روز بند رہیں گے!
کراچی: شہر قائد میں پاکستان اور جنوبی افریقا کے مابین ٹیسٹ میچ کے ایام کے لیے ٹریفک پولیس نے خصوصی ٹریفک پلان ترتیب دیا ہے، جس کے مطابق میچ کے انعقاد کے دنوں میں صبح 9 بجے سے شام 6 بجے تک مختلف علاقوں سے نیشنل اسٹیڈیم کی طرف آنے جانے والی مختلف شاہراہوں پر ٹریفک مکمل بند رہے گا۔
ٹریفک پولیس اعلامیے کے مطابق شاہ فیصل سے براستہ حبیب ابراہیم رحمت اللہ روڈ سے سرشاہ سلیمان روڈ پر نیشنل اسٹیڈیم کی طرف ٹریفک مکمل طور پر بند ہوگا، یہ راستہ اختیار کرنے والے شہری میچ کے دورانیے میں کارساز سے ڈرگ روڈ، شارع فیصل سے راشد منہاس روڈ، ملینیم مال کی طرف کا راستہ اختیار کریں گے۔
اسی طرح ایئرپورٹ کی طرف جانے والے شہری بھی ڈرگ روڈ سے دائیں جانب راشد منہاس روڈ ملینیم اور نیپا پل کی طرف جاسکیں گے۔
راشد منہاس روڈ سے اسٹیڈیم براستہ ڈالمیا روڈ بھی ٹریفک کے لیے بند رہے گی، شہری ملینیم چوک سے نیپا پل یا شاہراہ فیصل کا راستہ اختیار کرسکتے ہیں۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق لیاقت آباد سے براستہ حسن اسکوائر فلائی اوور نیشنل اسٹیڈیم عام پبلک کے لیے بند رہے گا، شہری یونیورسٹی روڈ کا راستہ اختیار کرکے منزل کی طرف جا سکیں گے جب کہ یونیورسٹی روڈ پر نیو ٹاؤن ٹرننگ سے اسٹیڈیم روڈ عام پبلک کے لیے بند ہوگی، نیو ٹاؤن چورنگی سے شہید ملت یا پی پی چورنگی کا راستہ اختیار کیا جاسکتا ہے۔
اسی طرح آغا خان اسپتال، لیاقت نیشنل اسپتال اور اس علاقے کے رہائشی شہری بھی نیو ٹاؤن تھانے کی طرف سے راستہ اختیار کرسکیں گے۔
ٹریفک پولیس ترجمان کے مطابق سہراب گوٹھ سے نیپا، لیاقت آباد نمبر 10 حسن اسکوائر، یونیورسٹی روڈ سے ملینیم چوک اور نیوٹاؤن سے ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا۔
پولیس ترجمان کے مطابق شہری کسی بھی مشکل کی صورت حال میں ٹریفک ہیلپ لائن 1915 پر کال کرکے معلومات لے سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 26 جنوری سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں شروع ہو گا۔