بڑھتی مہنگائی پر وزیراعظم نے اجلاس طلب کرلیا!
اسلام آباد: ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر وزیراعظم عمران خان نے اہم اجلاس طلب کرلیا۔
اجلاس آج شام 4 بجے وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا جس میں متعلقہ حکام شرکت کریں گے۔ اجلاس میں چینی کی قیمت میں اضافے اور اشیائے ضروریہ کی دستیابی کا جائزہ لیا جائے گا۔ وفاقی وزراء اور صوبوں کے نمائندے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوں گے۔
ملک میں سبزی، پھل، دالوں سمیت تمام اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں شدید اضافہ ہوگیا ہے اور وفاقی حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے میں ناکام نظر آتی ہے۔
اس صورت حال میں غریب اور متوسط طبقے کے افراد کا گزارا مشکل ہوگیا ہے۔ کھانے پینے کا سامان خریدنے کے لیے نوبت گھریلو سامان کی فروخت تک آپہنچی ہے۔