پاکستان کا گائیڈڈ ملٹی لانچ راکٹ سسٹم فتح ون کا کامیاب تجربہ!
اسلام آباد: دشمن کے علاقے میں دُور تک ہدف کو نشانہ بنانے والے گائیڈڈ ملٹی لانچ راکٹ سسٹم فتح ون کا پاکستان نے کامیاب تجربہ کیا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نے گائیڈڈ ملٹی لانچ راکٹ سسٹم فتح ون کا کامیاب تجربہ کیا ہے، ملکی طور پر تیار کردہ فتح ون گائیڈڈ ملٹی لانچ راکٹ سسٹم 140 کلومیٹر کے فاصلے تک روایتی ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق فتح ون ملٹی لانچ راکٹ ویپن سسٹم سے پاک فوج کی دشمن کے ٹھکانوں کو دُور تک نشانہ بنانے کی صلاحیت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کامیاب تجربے پر سائنس دانوں اور جوانوں کو مبارک باد دی ہے۔