بھارت: کورونا کی نئی قسم کے کیسز رپورٹ!

نئی دہلی: برطانیہ میں سامنے آنے والی کورونا وائرس کی نئی قسم کے کیسز بھارت میں بھی رپورٹ ہونے لگے۔
انڈین میڈیا کے مطابق بھارت میں کورونا کی نئی قسم کے پہلے 7 کیسز سامنے آئے ہیں جن کی تصدیق برطانیہ سے آنے والے مسافروں میں کی گئی ہے۔
بھارتی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ بنگلورو، حیدرآباد اور پونا کی لیبارٹریز میں لیے گئے نمونوں میں برطانیہ میں سامنے آنے والے کورونا کے نئے وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جن افراد میں کورونا کی نئی قسم کی تصدیق ہوئی، ان کو فوری طور پر ہیلتھ کیئر سینٹرز میں آئسولیٹ کردیا گیا ہے جب کہ ان کے ساتھ قریبی روابط رکھنے والوں کو بھی قرنطینہ کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ان کے ساتھ سفر کرنے والوں، فیملی کے لوگوں اور دیگر رابطہ کاروں کی ٹریسنگ کا عمل بھی شروع کیا جاچکا ہے۔
بھارتی وزارت صحت کا بتانا ہے کہ بھارت پہلے ہی برطانیہ کے ساتھ تمام فلائٹس آپریشن معطل کرچکا، لیکن پابندی سے پہلے نومبر کے آخر تک قریباً 33 ہزار افراد نے برطانیہ کا سفر کیا، جن میں سے بھارت آنے والے 114 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی، ان تمام افراد میں کورونا کی نئی قسم کی جانچ کے لیے ان کے سیمپل لے لیے گئے ہیں۔
بھارتی وزارت صحت کے مطابق ملک میں اب تک کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد ایک کروڑ 22 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ اموت ایک لاکھ 48 ہزار سے زیادہ ہیں۔
بھارتی وزارت صحت کا بتانا ہے کہ بھارت میں 29 دسمبرکو 25 جون کے بعد سے کورونا کے سب سے کم 16 ہزار 432 کیسز رپورٹ ہوئے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔