کپڑے سینیٹائز کرنے والی پروڈکٹ!
کورونا وبا کی آمد کے بعد دُنیا کا نظام یکسر تبدیل ہوگیا ہے۔ اس ہولناک وائرس سے بچاؤ کے ضمن میں روز نت نئی ایجادات سامنے آرہی ہیں۔ حال ہی میں معروف کورین ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ نے ایک ایسی پروڈکٹ پیش کی ہے جو آپ کے کپڑے سینیٹائز کرکے انہیں جراثیم سے پاک کردے گی۔
سام سنگ کی جانب سے ‘ایئر ڈریسر’ پیش کیا گیا ہے جو ایک پورٹ ایبل وارڈروب کی طرح ہے اور یہ آپ کے کپڑے سینیٹائز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اس پروڈکٹ میں ‘جیٹ اسٹیم’ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے۔ سام سنگ نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی یہ پروڈکٹ آپ کے کپڑوں کو 99 اعشاریہ 9 فیصد تک وائرس اور بیکٹیریا سے پاک کرسکتی ہے جب کہ یہ دیگر مضر مادوں کا بھی خاتمہ کرتا ہے۔
سام سنگ کے فریج کی طرح دکھنے والے ایئر ڈریسر میں ایک اور خاص بات بھی ہے اور وہ یہ کہ یہ آپ کے کپڑوں میں کسی بھی طرح کی بدبو کو بھی ختم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
سام سنگ کی یہ پروڈکٹ صارفین آن لائن یا سام سنگ کے اسٹورز سے 1500 ڈالرز میں حاصل کی جاسکتی ہے۔