کراچی، چینی باشندوں کیخلاف تخریبی کارروائی ناکام بنادی گئی
کراچی: چینی باشندوں کے خلاف شہر قائد میں دہشت گردی کی کارروائی ناکام بنادی گئی۔
کراچی میں بلاول ہاؤس چورنگی کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے چینی شہریوں کی گاڑی پر مقناطیسی بم چسپاں کیا، تاہم گاڑی میں موجود غیر ملکی شہریوں نے خطرے کو بھانپتے ہوئے فوری گاڑی ایک طرف کھڑی کرکے پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس نے فوری پہنچ کر چینی عملے کو محفوظ کیا اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا۔ بی ڈی یو نے موقع پر پہنچ کر بم ڈیوائس کو مہارت کے ساتھ ناکارہ بنادیا۔
ایس ایس پی ساؤتھ زبیر نذیر شیخ کے مطابق گاڑی نجی ریسٹورنٹ کی ملکیت ہے، کار میں ریسٹورنٹ کا چینی عملہ سوار تھا جس کے بروقت اطلاع دینے سے دہشت گردی کی بڑی کارروائی ناکام بنا دی گئی۔
پولیس نے بم کے بارے میں بتایا کہ ریموٹ کنٹرول میگنیٹک ڈیوائس تھی جسے چلتی ہوئی گاڑی پر چپکایا گیا تھا اور ڈیوائس میں ایک کلو سے زائد سیاہ رنگ کا بارودی مواد موجود تھا۔
بی ڈی یو حکام نے بم کی جانچ پڑتال کے بعد واقعے کی تفصیلات سے آگاہ کیا کہ ملزمان نے گاڑی سے دور جاکر سسٹم ایکٹیویٹ کردیا تھا، ڈیوائس میں موجود ڈیٹونیٹر معمول دھماکے سے پھٹا لیکن تکنیکی خرابی کی وجہ سے ڈیوائس مکمل طور پر نہ پھٹ سکی تھی۔