یو اے ای میں اسرائیلی سفارت خانہ کھولنے کی تیاریاں!
ابوظبی: آئندہ ماہ تک عرب امارات میں اسرائیل نے اپنا سفارت خانہ اور قونصل خانہ کھولنے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزارت خارجہ نے آئندہ سال جنوری تک متحدہ عرب امارات میں سفارت خانہ اور قونصل خانے کھولنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ امید کرتے ہیں کہ سفارت خانے کا افتتاح رواں ماہ کے آخر میں کردیا جائے گا جب کہ اس حوالے سے ایک اسرائیلی وفد گزشتہ ہفتے عرب امارات کے دورے پر تھا جہاں سفارت خانے کے لیے جگہ کا معائنہ کیا گیا، تاہم ابھی جگہ کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔
اسرائیلی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ تو نہیں کہا جاسکتا کہ سفارتی مشن پوری دنیا میں سب سے بڑا ہوگا، تاہم سفارت خانہ اور قونصل خانے واقعی میں بہت بڑے ہوں گے۔ اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی سفارت خانہ واشنگٹن، لندن اور ماسکو کی طرح بڑا ہوسکتا ہے۔
خیال رہے کہ رواں سال اگست میں اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ایک امن معاہدہ ہوا تھا، جس کے تحت دونوں فریقین کے مابین ناصرف سفارتی تعلقات قائم کیے جانے تھے بلکہ اسرائیل نے جواب میں کہا تھا کہ وہ مغربی کنارے کے بہت بڑے رقبے پر اسرائیل کے توسیعی عمل کو بھی روک دے گا۔