ماہرہ خان دُنیا کی 100 بااثر خواتین میں شامل!
واشنگٹن: برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے پاکستان کی نامور اداکارہ ماہرہ خان کو دُنیا کی 100 بااثر خواتین کی فہرست میں شامل کرلیا۔
بی بی سی کی جانب سے سال 2020 کے لیے 100 بااثر خواتین کی فہرست جاری کی گئی، جس میں نامور پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان اور وزیراعظم کی معاون خصوصی ثانیہ نشتر کے نام شامل ہیں۔ بی بی سی کے مطابق 100 بااثرخواتین کی فہرست میں ان خواتین کو شامل کیا گیا ہے جنہوں نے معاشرے میں تبدیلی کے لیے خود آگے آکر کردار ادا کیا اور مشکل حالات میں الگ پہچان بنائی۔
بی بی سی کے مطابق ماہرہ خان کوئی عام اداکارہ نہیں، انہوں نے ملک میں جنسی ہراسانی کی کھل کر مخالفت کی، رنگ گورا کرنے والی کریمز کی تشہیر سے منع کیا اور نسل پرستی کے خلاف جنگ کی مکمل حمایت کی۔ ماہرہ خان نے اپنے ملک میں سماجی مسائل کو فلم اور ٹی وی کے ذریعے اجاگر کیا۔
اس کے علاوہ ماہرہ خان اقوام متحدہ کی خیر سگالی سفیر برائے مہاجرین بھی ہیں جو پاکستان میں افغان مہاجرین کو درپیش مسائل سے متعلق آگاہی مہم چلارہی ہیں۔