ون ڈے رینکنگ، شاہین آفریدی کی کیریئر بیسٹ پوزیشن

لاہور: پاکستان کے تیز گیند باز شاہین شاہ آفریدی نے آئی سی سی ون ڈے پلیئرز رینکنگ میں اپنے کیریئر کی بہترین رینکنگ حاصل کرلی۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ اس نئی درجہ بندی کے تحت محدود طرز کی کرکٹ میں پاکستان کے کپتان بابراعظم کا دوسری پوزیشن سے فاصلہ مزید کم ہوگیا ہے۔
زمبابوے کے خلاف سیریز کے پہلے میچ میں 49 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کرنے والے شاہین شاہ آفریدی عالمی رینکنگ میں 8 درجہ ترقی پاکر 16ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ ان کے علاوہ ٹاپ ٹوئنٹی بولرز میں شامل پاکستان کے دوسرے کھلاڑی محمد عامر ہیں جو آٹھویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔
سیریز میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے وہاب ریاض بھی چھ درجہ ترقی پاکر 60ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔ سیریز کے آخری میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے فاسٹ بولر محمد حسنین 202ویں پوزیشن سے 120 ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔
اس نئی عالمی رینکنگ میں پاکستان کے دیگر بولرز میں شاداب خان کا 30واں، عماد وسیم کا 40واں، عثمان شنواری کا44واں اور حسن علی کا 49واں نمبر ہے۔
اس فہرست میں نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ پہلے، بھارت کے جسپریت بمرا دوسرے اور افغانستان کے مجیب الرحمٰن تیسرے نمبر پر ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔