فوت شدگان کی آخری رسوم کے لیے انوکھی کمپنی!

قاہرہ: مصر میں ایک ایسی کمپنی قائم ہوئی ہے جو انتقال کرنے والے لوگوں کی آخری رسوم کے انتظامات کرنے کی خدمات فراہم کرتی ہے۔
مصری کمپنی معاوضے کے عوض متوفی کے کفن سے لے کر قبر کی کھدائی اور تدفین کے علاوہ اخبارات میں اشتہارات جاری کرنے اور تعزیتی تقریبات کا انعقاد کرنے کی خدمات انجام دے رہی ہے۔
مصر کے چند لوگوں کی جانب سے قائم کی گئی کمپنی ’سوکنا‘ نے ‘آپ نے زندگی میں ان کی عزت و احترام کیا اور ہم ان کے مرنے کے بعد ان کا اکرام کررہے ہیں’ کا سلوگن اپنایا ہے۔
کمپنی کے شریک بانی احمد جاب اللہ نے بتایا کہ انہیں جنازوں کے انتظامات کے لیے کمپنی بنانے کا خیال 2005 میں اس وقت آیا جب ایک دوست کے والد انتقال کر گئے اور فوتگی کے بعد انہیں اور ان کے خاندان کو میت کو غسل دینے اور دیگر امور کی انجام دہی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
احمد جاب اللہ کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے‌ 7 سال قبل اپنے چند دوستوں کے ساتھ مل کر یہ کمپنی قائم کی اور ہم نے پیشہ ورانہ بنیادوں‌ پر میتوں کی آخری رسوم کے انتظامات سنبھالے۔
ان کا کہنا تھا ہم جنازوں کو غسل دینے اور کفن دفن کے علاوہ فوت ہونے والے شخص کے ایصال ثواب کے لیے دیے جانے والے صدقات و خیرات کو مستحق لوگوں تک پہنچانے کی ذمے داری بھی انجام دیتے ہیں۔
مصری کمپنی کے شریک بانی نے بتایا کہ ان کی کمپنی اب تک 340 مُردوں کی تدفین کے انتظامات میں ان کے لواحقین کی مدد کرچکی اور مصر کے 10 مختلف اسپتالوں سے ان کے معاہدے بھی ہوچکے ہیں۔
احمد جاب اللہ کا کہنا تھا کہ کمپنی کا مشن بلاتفریق اور بلاامتیاز شہریوں کو تدفین کی سہولت فراہم کرنا ہے، اگر کسی میت کے لواحقین کو نماز جنازہ کے لیے کسی عالم دین کی تلاش میں مشکل کا سامنا ہو تو وہ جنازے کے لیے پیش امام یا اگر متوفی عیسائی ہو تو پادری کا انتظام کرتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کئی خاندانوں کو قبر کی جگہ کے حصول میں مشکلات درپیش ہوتی ہیں تو ہماری کمپنی قبر کی جگہ کے حصول میں بھی مدد فراہم کرتی ہے اور ان سب خدمات کے لیے ہم معاوضہ وصول کرتے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔