لندن سے نواز شریف کا سیاسی جنازہ آئے گا، شیخ رشید
لاہور: شیخ رشید نے کہا ہے کہ طبلِ جنگ بج چکا اور نواز شریف کے ساتھ وہی ہوگا جو بانی ایم کیو ایم کے ساتھ ہوا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ جب دو ملاقاتوں کا ذکر کیا تو بہت سارے مسائل سے گزرنا پڑا اور دو ملاقاتوں کا ذکر کیا تو طوفان آئے گا۔
شیخ رشید نے کہا کہ گزشتہ روز کے جلسے میں نواز شریف کی تقریر نہیں سن سکا سوگیا تھا، کورونا کے بعد 6 ماہ صحت مند ہونے میں لگتے ہیں، آج کل طبیعت ٹھیک نہیں دوا کھارہا ہوں۔
وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی سیاست ختم ہوچکی، بھارت میں بانی ایم کیو ایم کو وہ کوریج نہیں ملی جو کل نواز شریف کو ملی، لندن سے نواز شریف کا سیاسی جنازہ آئے گا، اگر نواز شریف کی یہی پالیسی رہی تو یہ نہ ہو کہ عمران خان اگلے پانچ سال بھی لگالے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف وہ کھیل کھیل رہے ہیں جو عالمی ایجنڈا ہے، انہیں اندازہ ہی نہیں یہ کیا کھیل کھیل رہے ہیں، نواز شریف بانی ایم کیو ایم ٹو بن گئے ہیں، اعلانِ جنگ ہوچکا، طبلِ جنگ بج چکا، نوازشریف کے ساتھ وہی ہوگا جو بانی متحدہ کے ساتھ ہوا ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان کا کوئی آرمی چیف ایسا نہیں رہا جس سے نواز شریف نے ٹکراؤ نہ کیا ہو، نواز شریف کھل کر سامنے آگئے، اب ان سے کھل کر سیاست ہوگی، نون لیگ ٹوٹ کر رہے گی اور کوئی وجہ نہیں نون سے شین نہ نکلے۔
ان کا کہنا تھا کہ جلسوں سے حکومتیں نہیں جاتیں، اگر جلسوں سے جانا ہوتا تو ہم نے ٹکا کر 126 دن جلسوں میں لگائے، عمران خان کے مینار پاکستان جلسے سے کوئی نہیں گیا۔