اپوزیشن رہنماؤں کی حکومت پر کڑی تنقید!

لاہور/ گوجرانوالا: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے اگر ہم اس کٹھ پتلی، نالائق، سلیکٹڈ اور نااہل حکومت کو تسلیم کرلیں تو یہ پاکستانی عوام کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔ لالہ موسیٰ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان تو کہتے تھے کہ اپوزیشن اگر جلسہ کرے گی تو جلسے کے لیے کنٹینر بھی میں فراہم کروں گا لیکن ان سے تو ایک جلسہ بھی برداشت نہیں ہورہا۔
ان کا کہنا تھا کہ گوجرانوالا جلسے میں شرکت کرنے والے کارکنوں کے راستے روکے جارہے ہیں اور رہنماؤں کو گرفتار کیا جارہا ہے، کارکنوں پر ظلم اور ان کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان چاہتے ہیں کہ پارلیمان ان کی جلسہ گاہ بن جائے لیکن عمران خان کان کھول کر سن لیں کہ وہ عوام کے جذبات کو قید نہیں کر سکتے، پاکستان کے عوام غلام نہیں آزاد شہری ہیں، انہیں (عمران خان) کو عوام کے مینڈیٹ اور عوام کی طاقت کو ماننا پڑے گا۔
اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے اب حکمران ہم سے این آر او مانگ رہے ہیں لیکن ہم انہیں این آر او نہیں دے رہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی ف کے سربراہ کا کہنا تھا کسی سے ذاتی دشمنی نہیں، تحریک کا آغاز آج گوجرانوالا سے ہوگا کیونکہ موجودہ پارلیمنٹ منتخب پارلیمنٹ نہیں ہے۔
فضل الرحمان نے کہا کہ موجودہ پارلیمنٹ عالمی اسٹیبلشمنٹ کی سازشوں سے آئی ہے جس کی وجہ سے عوام معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایک ناجائز پارلیمنٹ کو ہٹانے کے لیے نکلے ہیں، موجودہ حالات سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ حکومت کو دسمبر نصیب نہیں ہوگا۔
اپوزیشن کی جانب سے حکومت سے این آر او مانگنے سے متعلق سوال پر فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اب حالات تبدیل ہوچکے ہیں، اب تو حکمران این آر او مانگ رہے ہیں اور ہم نہیں دے رہے۔
انہوں نے کہا کہ بات اب ان ہاؤس تبدیلی سے آگے نکل گئی ہے، ملک میں عام انتخابات ہونے چاہئیں اور عوام کو اپنے رہنما خود منتخب کرنے کا حق ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم میں عہدوں کے لیے نہیں بلکہ مقصد کے لیے اس تحریک کا حصہ ہیں۔
گوجرانوالا جلسے کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے سے متعلق سوال پر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہمارا ابھی رکاوٹوں سے سامنا نہیں ہوا اور ہوگا بھی نہیں۔
جلسے میں شرکت کے لیے مریم نواز جاتی امرا سے جلسہ گاہ کے لیے روانہ ہوگئی ہیں، جلسے میں شرکت کے لیے روانگی سے قبل مریم نواز نے دعا بھی کی اور اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ آج جعلی حکومت کے خاتمے کی شروعات ہے۔
مریم نواز نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ بزدل حکومت کو اگر یقین ہے کہ اپوزیشن جناح اسٹیڈیم کو نہیں بھر پائے گی تو پھر کنٹینر لگاکر راستے کیوں بلاک کر رکھے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا بزدلو! کارکنوں کا راستہ تم نہیں روک سکتے، ان شاء اللہ جتنے عوام اسٹیڈیم کے اندر ہوں گے، اس سے تین گنا زیادہ اسٹیڈیم کے باہر موجود ہوں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔