کورونا کی دوسری لہر، کیسز میں تیزی سے اضافہ!
اسلام آباد: اسد عمر کا کہنا ہے کہ ملک میں گزشتہ روز کورونا کے مثبت کیسز کی 50 روز کے دوران بلند ترین شرح نوٹ کی گئی ہے۔
اپنی ٹویٹ میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ گزشتہ روز کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 2.37 فیصد رہی، کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 50 دن میں سب سے زیادہ ہے۔ آخری بار کورونا مثبت کیسز کی یہ شرح 23 اگست کو تھی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 4 روز کے دوران کورونا سے یومیہ اموات کی اوسط 11 ہے۔ یہ سب کورونا کے دوبارہ بڑھنے کی نشانیاں ہیں۔
اسد عمر نے مزید کہا کہ مظفرآباد میں کورونا مثبت آنے کی شرح بلند ترین ہے، اس کے علاوہ کراچی میں بھی اس کی شرح زیادہ ہے، لاہور اور اسلام آباد میں کورونا کیس بڑھ رہے ہیں، یہی موقع ہے کہ ہم سب کورونا سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات کو سنجیدہ لیں، دوسری صورت میں حکومت کو سخت اقدامات کرنے پڑیں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ 2 روز میں کورونا سے 26 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ ملک میں اس وقت فعال مریضوں کی تعداد بھی 9 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔