پاکستان کی بڑی کامیابی، اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا رکن منتخب!
اسلام آباد: آئندہ تین سال کے لیے بھاری اکثریت سے پاکستان نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا رُکن منتخب ہوکر ایک اور سفارتی کامیابی حاصل کرلی ہے۔
اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے انتخابات میں پاکستان نے ریکارڈ ووٹ حاصل کیے اور 191 میں سے 169 ووٹس لینے میں کامیاب ہوا۔ پاکستان نے ایشیا پیسیفک ریجنل میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کیے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کو اتنی کثیر تعداد میں ووٹوں کا ملنا، عالمی سطح پر پاکستان کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی فورمز پر بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ اور انسانی حقوق کی پاسداری کے لیے آواز بلند کی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ انسانی حقوق کونسل، اقوام متحدہ کا ایک انتہائی اہم فورم ہے. اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے ہماری درخواست پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نہ صرف نوٹس لیا بلکہ ان مظالم کو رپورٹس کی شکل میں مرتب کیا اور بھارت کے غیر قانونی اقدام کا پردہ چاک کیا۔
وزیر خارجہ نے کہا پاکستان، اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے پلیٹ فارم پر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم باسیوں سمیت دنیا بھر کے مظلوموں کے حق میں آواز اٹھاتا رہے گا۔