آرمینیا اور آذربائیجان کے مذاکرات کامیاب، جنگ بندی کا اعلان!
ماسکو: آرمینیا اور آذربائیجان کے سفارت کاروں نے روسی وزیر خارجہ کی سربراہی میں 10 گھنٹے کی بات چیت کے بعد جنگ بندی پر اتفاق کرلیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کے وزیر خارجہ سرجی لیوروو نے اعلان کیا ہے کہ آرمینیا اور آذربائیجان جنگ بندی پر رضامند ہوگئے ہیں اور آج دن 12 بجے سے سیزفائر پر عمل درآمد شروع ہوجائے گا۔
روسی وزیر خارجہ نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ دوپہر 12 بجے کے بعد عملاً سیز فائر کے دوران دونوں ممالک قیدیوں اور لاشوں کا تبادلہ کریں گے، اس عمل کی تکمیل کے بعد متنازع علاقے نگورنو کاراباخ کے تصفیے کے لیے باضابطہ مذاکرات شروع ہوں گے۔
گزشتہ روز روسی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ آرمینیا اور آذربائیجان نے صدر ولادیمیر پوتن کی اپیل پر جنگ بندی کے لیے مذاکرات پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔
خیال رہے کہ 27 ستمبر سے دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی فوجی جھڑپوں میں 300 سے زیادہ افراد ہلاک اور 500 سے زائد زخمی ہوئے جب کہ ہزاروں افراد نقل مکانی پر مجبور ہوگئے۔