اپوزیشن قانون کے دائرے میں رہ کر جو مرضی کرے، اسد عمر
لاہور: اسد عمر کا کہنا ہے کہ جمہوری ملک ہے، اپوزیشن قانون کے دائرے میں رہ کر جو مرضی کرنا چاہتی ہے کرے، لیکن جمہوریت کےنام پر قانون توڑنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کی زندگی بہتر کرنے کے لیے اپنے کام میں لگی ہوئی ہے، جمہوری ملک ہے اپوزیشن قانون کے دائرے میں رہ کر جو مرضی کرنا چاہتی ہے کرے، لیکن یہ نہیں ہونا چاہیے جمہوریت کے نام پر قانون توڑیں، جمہوریت کے نام پر قانون توڑنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کے معاملے پر صوبوں کے تعاون سے کام کررہے ہیں، این سی او سی میں کورونا کے معاملے پر این سی سی کی میٹنگ بلاکر ضابطہ اخلاق طے کرنے کا فیصلہ ہوا ہے، کورونا میں ہر چیز کے لیے ضابطہ اخلاق پہلے بنایا گیا ہے، ہمارے سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ جلسے نہ کیے جائیں، بڑے اجتماعات سے متعلق ایس اوپیز طےہونے چاہئیں، قومی رابطہ کمیٹی میں بڑے اجتماعات کا معاملہ زیرغور آئے گا۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ عمران خان اتنے افراد جمع کرلیتے تھے کہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی کسی نے اتنا بڑا مجمع نہیں دیکھا اور ان کو اس وقت کے حکمران بھی روک نہیں سکتے تھے، لیکن ہماری پالیسی قانون کی پاسداری تھی اور ہے۔