تحریک انصاف نے فردوس شمیم سے فوری استعفیٰ طلب کرلیا!
کراچی: پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی سے استعفیٰ طلب کرلیا۔
پی ٹی آئی رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے چند روز قبل کراچی میں گیس بحران پر اپنی ہی حکومت پر شدید تنقید کی تھی اور ساتھ ہی وزیراعظم عمران خان کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
بعدازاں فردوس شمیم نقوی نے اپنے بیان پر ٹویٹ کے ذریعے معذرت بھی کی تھی، لیکن پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت نے فردوس شمیم سے استعفیٰ طلب کرلیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مرکزی قیادت نے فردوس شمیم نقوی کو فوری طور پر اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے مستعفی ہونے کی ہدایت کی ہے، جس کے بعد فردوس شمیم نے سندھ اسمبلی میں اپنی پارٹی کے تمام اراکین سے مشاورت کی ہے جب کہ اعلیٰ قیادت سے بھی رابطے کی کوشش کی۔
ذرائع نے بتایا کہ فردوس شمیم نقوی اس معاملے پر وزیراعظم سے ملاقات کے لیے اسلام آباد بھی گئے لیکن دو روز قیام کے باوجود ان کی وزیراعظم سے ملاقات نہ ہوسکی۔
پاکستان تحریک انصاف کے ذرائع نے فردوس شمیم نقوی سے استعفیٰ طلب کرنے کی تصدیق کی ہے۔