درخواستیں خارج، زرداری پر کرپشن ریفرنسز میں فرد جرم عائد کرنے کا حکم!
اسلام آباد: کرپشن ریفرنسز کے خلاف آصف علی زرداری کی تین درخواستیں خارج کرکے احتساب عدالت نے فرد جرم عائد کرنے کا حکم دے دیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق پارک لین، میگا منی لانڈرنگ، ہریش اینڈ کمپنی ریفرنسز میں عدالت کا بڑا فیصلہ آگیا، جس کے مطابق سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی مشکلات کم نہ ہوئیں اور عدالت نے آصف زرداری کی ریفرنسز خارج کرکے بری کرنے کی درخواستیں بھی مسترد کردیں۔
احتساب عدالت نے زرداری کی تین ضمنی ریفرنس خارج کرنے کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ جاری کیا، احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے محفوظ فیصلہ سنایا۔ عدالت نے جعلی اکاوٗنٹس کیس کے 3 کرپشن ریفرنسز میں آصف زرداری کی درخواستیں خارج کردیں، اور سابق صدر کی ریفرنسز خارج کرکے بری کرنے کی درخواستیں بھی مسترد کردی گئیں۔
عدالت نے آصف زرداری پرتینوں کرپشن ریفرنسز میں فرد جرم عائد کرنے کا حکم دیتے ہوئے فیصلہ دیا کہ آصف زرداری کو جعلی اکاؤنٹس ریفرنسز میں بری نہیں کیا جاسکتا، عدالت نے آصف زرداری سمیت تمام ملزمان کو 28 ستمبر کو طلب کرلیا۔