کورونا ویکسین کی آزمائش کے تیسرے مرحلے کا پاکستان میں آغاز!
اسلام آباد: کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی آزمائش کے تیسرے مرحلے کا پاکستان میں آغاز ہوگیا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے اپنی ایک ٹویٹ میں اعلان
کیا کہ پاکستان میں کورونا وائرس ویکسین کی آزمائش کے تیسرے مرحلے کا آغاز ہوگیا ہے۔
انہوں ںے بتایا کہ کورونا ویکسین چینی کمپنی نے تیار کی ہے۔ آزمائشی مرحلے میں 8 سے 10 ہزار پاکستانی شریک ہوں گے۔ ٹیسٹ کے ابتدائی نتائج 4 سے 6 ماہ میں متوقع ہیں۔ ویکسین ٹرائل میں 7 ممالک کے 40 ہزار افراد رضاکارانہ طور پر شریک ہورہے ہیں۔
قبل ازیں این سی او سی نے بتایا تھا کہ پاکستان میں فیز 3 کلینیکل ٹرائلز کووڈ 19 ویکسین کینسنینو کا آغاز ہوچکا ہے جب کہ ویکسین کی آزمائش کا پہلا اور دوسرا مرحلہ چین میں مکمل ہوا تھا۔