ماہرہ کی عورتوں، بچوں پر تشدد کے خلاف عالمی مہم میں شمولیت

کراچی: معروف اداکارہ ماہرہ خان عورتوں اور بچوں کے ساتھ ہونے والے جنسی ہراسانی اور تشدد کے خلاف دولت مشترکہ کی ٹیم کے ساتھ ’’نومور‘‘ مہم کا حصہ بن گئیں۔
اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو میں انہوں نے خواتین اور بچیوں پر تشدد کے حوالے سے کامن ویلتھ کی ٹیم کا حصہ بننے کی خبر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کامن ویلتھ کے ساتھ ’’نومور(اور نہیں)‘‘ مہم میں شامل ہونے پر فخر محسوس ہورہا ہے۔ جنسی ہراسانی، گھریلو تشدد اور نہیں۔ دنیا بھر میں ہر تین میں سے ایک خاتون ان مسائل کا نشانہ بنتی ہے۔ ہم سب کو آگے آنا ہوگا اور ان مسائل کے خلاف کھڑا ہونا ہوگا۔
ماہرہ خان نے کہا کووڈ 19 وبا کے باعث ہونے والے لاک ڈاؤن میں یہ مسائل مزید بدتر ہوگئے ہیں اور ہم نے لاک ڈاؤن کے دوران تشدد کے ان واقعات میں مزید اضافہ دیکھا۔ ہم سب صحیح کرسکتے ہیں اور ہمیں کرنا چاہیے۔ ایک طویل عرصے تک ہمارے معاشرے نے اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے کافی اقدامات نہیں کیے۔ براہ مہربانی ہمارا ساتھ دیجیے۔ اس مسئلے پر کھل کر بات کیجیے۔
ماہرہ خان نے ویڈیو کے ساتھ کیپشن میں خواتین، بچوں، بچیوں اور لڑکوں کے ساتھ ہونے والے ظلم و زیادتی، تشدد اور ہراسانی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا اب ہمیں ایکشن لینا پڑے گا کیونکہ مسائل کی جڑیں بہت مضبوط ہوچکی ہیں۔ یہ وہ ذہنیت ہے جس سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔ ان تمام لوگوں کو شرم آنی چاہیے جو جرائم کے مرتکب ہوتے ہیں۔ ہم لوگوں کو شرم آنی چاہیے جو مسلسل خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ ہمارا نصاب تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمارے ڈراموں، فلموں میں ہمارے بیانات پر دوبارہ نظر ڈالنے کی ضرورت ہے۔ آئیں ہمارے ساتھ اس میں شامل ہوں۔


انہوں نے مزید لکھا خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدد (بہت سارے کیسز میں بچوں اور مردوں کے خلاف بھی) یہ ایک چھپی ہوئی وبائی بیماری ہے جو زندگیوں، معاشرے اور دنیا کی معیشت کو تباہ کردیتی ہے۔ موٹروے پر ہونے والا خوف ناک حادثہ اسی بات کی طرف اشارہ کرتا ہے۔
ماہرہ خان نے اس مہم کے بارے میں لکھا کہ اس عالمی بحران کے ردعمل میں کامن ویلتھ اور نومور آرگنائزیشن نے ’’کامن ویلتھ سیز نومور‘‘ ہیش ٹیگ کے ساتھ 9 ستمبر کو ایک ڈیجیٹل پورٹل کا آغاز کیا ہے جو دولت مشترکہ میں شامل 54 ممالک کو خواتین اور لڑکیوں کے خلاف ہونے والے گھریلو اور جنسی تشدد کے خاتمے کے لیے وسائل اور مدد فراہم کرے گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔