سشانتھ سنگھ قتل کیس، ریا چکرورتی کی ضمانت کی درخواست مسترد
ئی دہلی: عدالت نےآنجہانی بھارتی اداکار سشانت سنگھ کی گرل فرینڈ ادکارہ ریا چکرورتی کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی۔
بھارتی میڈیا کےمطابق مبینہ طور پر خودکشی کرنے والے بھارتی اداکار سشنات سنگھ کے کیس سے متعلق منشیات کے استعمال اور خریداری کے کیس میں گرفتار ریا چکرورتی نے ممبئی کی عدالت میں ضمانت کی درخواست دائر کی تھی جسے عدالت نے مسترد کردیا۔
اس کے علاوہ عدالت نے ریا کے بھائی شووک چکروتی اور دیگر 8 ملزمان کی درخواستِ ضمانت بھی مسترد کردی ہے۔
عدالت کی جانب سے درخواست ضمانت مسترد کیے جانے کے بعد اب ریاچکرورتی کو 22 ستمبر تک ممبئی کی بائیکُلا جیل میں جوڈیشل ریمانڈ پر رہنا ہوگا۔
ریاچکرورتی کی وکیل نے ممبئی ہائیکورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
درخواست ضمانت میں ریاچکرورتی نے اپنے اعترافی بیان سے انحراف کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ انہیں اعترافی بیان دینے کے لیے مجبور کیا گیا جب کہ انہوں نے کوئی جرم نہیں کیا اور انہیں کیس میں غلط پھنسایا گیا ہے۔
اداکارہ نے اپنی درخواست میں انکشاف کیا کہ زیادتی اور قتل کی دھمکیاں بھی دی گئیں جب کہ مختلف تفتیشی عمل سے گزرنے کی وجہ سے ان کی دماغی حالات اور صحت پر بھی اثر ہوا ہے۔
دوسری جانب نارکوٹکس کنٹرول بیورو کا کہنا ہےکہ اگر ریا چکرورتی کو ضمانت پر رہا کیا گیا تو وہ نہ صرف ثبوتوں میں ہیر پھیر کرسکتی ہیں بلکہ اپنے اثرو رسوخ اور پیسے کی طاقت پر گواہ بھی توڑ سکتی ہیں۔
خیال رہے کہ رواں سال 14 جون کو 34 سالہ اداکار سشانت سنگھ راجپوت ممبئی میں اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے جس کے بعد ان کے مداحوں کی جانب سے سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے معاملے پر سی بی آئی سے تفتیش کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔
بعد ازاں سشانت گھر والوں نے ان کی دوست ریا چکرورتی کو اداکارکی خودکشی کی وجہ قرار دیا تھا اور ان کے خلاف بہار میں مقدمہ بھی درج کرایا تھا جس کے بعد معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا تھا۔
سشانت کے گھر والوں نے ریا چکرورتی پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے سشانت سے پیسے کیلئے تعلقات قائم کیے، اسے نشے کا عادی بنایا ، اپنے فائدے کیلئے استعمال کیا اور ایسے حالات کا شکار کردیا کہ وہ انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہوگیا۔
سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں بالی وڈ اداکار سُشانت سنگھ راجپوت کی مبینہ خودکشی کی تحقیقات بھارت کی تحقیقاتی ایجنسی سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کو دینے کا حکم دیاتھا۔
ریا چکرورتی سشانت کے والدین کی جانب سے عائد کیے جانے والے الزامات کو مسترد کرتی آئیں ہیں اور وہ خود وزیراعظم مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ سے سشانت کی موت کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتی رہی ہیں۔