نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ، وزارت خارجہ کو عمل درآمد کرانے کا حکم
لاہور: احتساب عدالت نے پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس میں وزارت خارجہ کو نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ پر عمل درآمد کرانے کا حکم دے دیا۔
لاہور کی احتساب عدالت کے جج اسد علی نے غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس کی سماعت کی۔ نیب کی طرف سے اسپیشل پراسیکیوٹر حارث قریشی پیش ہوئے۔
دوران سماعت ماڈل ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر بشیر احمد نے نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری کی رپورٹ پیش کردی، جس میں کہا گیا کہ نواز شریف اپنی ماڈل ٹاؤن کی رہائش گاہ پر موجود نہیں، ان کی رہائش گاہ پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ نے ملزم کے بیرون ملک ہونے کی تصدیق کی۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم 6 ماہ سے بیرون ملک ہیں۔
اسپیشل پراسیکیوٹر نیب نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں، ملزم میر شکیل کے خلاف فرد جرم عائد کرکے ٹرائل جلد شروع کیا جائے۔
عدالت نے نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے وزارت خارجہ کو لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ذریعے نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ پر عمل درآمد کروانے کا حکم دے دیا۔
خیال رہے کہ نواز شریف گزشتہ کئی ماہ سے لندن میں اپنے علاج کی غرض سے مقیم ہیں۔