کلبھوشن کا وکیل مقرر کرنے کی درخواست، سماعت آج ہوگی
اسلام آباد: کلبھوشن یادیو اپیل کی آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت ہوگی. بھارت کی طرف سے اپنے جاسوس کلبھوشن کے معاملے پر ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے لیے وکیل مقرر کرنے کی حکومتی درخواست کیس پر میڈیا رپورٹنگ سے متعلق پیمرا نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں جواب جمع کرادیا، جس میں کہا گیا ہے کہ عدالت نے فیئر ٹرائل کے مدنظر میڈیا رپورٹنگ میں احتیاط سے کام لینے کی ہدایت کی، اسلام آباد ہائی کورٹ کی ہدایت کے حوالے سے تمام چینلز کو آگاہ کردیا گیا ہے۔
چیف جسٹس اطہرمن اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کرتے ہوئے حکم دیا تھا عدالت نے حکومت کو بھارت اور کلبھوشن کو وکیل کرنے کے لیے ایک اور آفر دینے کی ہدایت کی تھی، تاہم ذرائع کے مطابق بھارت کی طرف سے کلبھوشن کا وکیل مقرر کرنے کے حوالے سے پاکستان کو کچھ آگاہ نہیں کیا گیا، پاکستان کی طرف سے تیسری قونصلر رسائی کی پیشکش کا بھی کوئی جواب نہیں دیا گیا،قونصلر رسائی کی پیشکش کے حوالے سے بھارت کو 4 مرتبہ یاد دہانی کے خطوط بھی بھیجے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالتی حکم کے بعد رجسٹرار آفس نے کلبھوشن یادیو کیس میں لارجر بینچ بھی تشکیل دے دیاہے، اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں 3 رکنی لارجر بینچ کل حکومت کی طرف سے کلبھوشن یادیو کا وکیل مقرر کرنے کی درخواست کی سماعت کرے گا، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب بھی لارجر بینچ میں شامل ہوں گے۔