اہلیان کراچی کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے وفاقی اداروں کو وزیراعظم کی ہدایات!
اسلام آباد: شہر قائد کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے وزیر اعظم عمران خان نے تمام وفاقی اداروں کو ہدایات دے دیں۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت کراچی میں وفاقی حکومت کی جانب سے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزراء اسد عمر، مراد سعید اور سینئر افسران اور گورنر سندھ عمران اسماعیل کراچی سے ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
اجلاس کو صوبہ سندھ اور کراچی میں وفاقی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں پر اب تک کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا، جب کہ گورنر سندھ نے وزیرِ اعظم کو کراچی کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں بریف کیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ صوبہ سندھ اور خصوصاً کراچی کے عوام کی ترقیاتی ضروریات اور درپیش مسائل کا مکمل ادراک ہے اور وفاقی حکومت اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں سیوریج، نکاسی آب اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے جامع پلان، تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے ساتھ، تشکیل دیا جا رہا ہے جب کہ کراچی کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام وفاقی اداروں کو ہدایات دے دی گئی ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ سندھ سے کراچی میں حالیہ بارشوں کے بعد کی صورت حال پر گفتگو ہوئی اور وفاق اور اس کے اداروں کی جانب سے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وزیر اعظم نے زور دیاکہ کراچی پاکستان کا اہم ترین شہر ہے اور اس وقت درپیش ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل بروکار لائیں جائیں گے۔