نیب کی درخواست، خورشید شاہ پر فرد جرم کی کارروائی روک دی گئی
سکھر: احتساب عدالت نے نیب کی درخواست پر رہنما پیپلزپارٹی خورشید شاہ کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی روک دی۔
نیب نے عدالت سے درخواست میں کہا کہ ہمیں مزید شواہد لانے ہیں، اس لیے فرد جرم کو روکا جائے اور جرح کرنے کے لیے مزید مہلت دی جائے، جس پر احتساب عدالت نے 8 ستمبر تک فرد جرم کی کارروائی روک دی۔
پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ میرے خلاف نیب ایک بھی ثبوت نہ لاسکا ہے، ایک سال سے سلاخوں کے پیچھے ہوں، یہ واحد کیس ہے جس میں ہم کہہ رہے ہیں کہ ہم پر فرد جرم عائد کرو مگر اچانک نیب کی درخواست آگئی، نیب نے یہ مان لیا ہے کہ اب تک ان کے پاس ٹھوس ثبوت نہیں اور اگر ایک سال میں یہ ثبوت نہ لاسکے ہیں تو اب کیا لائیں گے۔