پاکستانی سائنس دان امریکی یونیورسٹی میں پہلی خاتون ڈین بن گئیں
کیمبرج: معروف پاکستانی فلکی طبیعیات داں نرگس ماولوالا کو میسا چیوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے اسکول آف سائنس کی ڈین مقرر کردیا گیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کی عالمی شہرت یافتہ نجی ریسرچ یونیورسٹی ’’میساچیوسٹس انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی‘‘ (MIT) کے اسکول آف سائنس کی ڈین کے لیے معروف پاکستانی سائنس دان نرگس ماولوالا کی تقرری کی گئی ہے۔
میسا چیوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کی تاریخ میں پہلی بار کسی خاتون کو اسکول آف سائنس کی ڈین مقرر کیا گیا ہے اور یہ اعزاز 52 سالہ پاکستانی سائنس دان نرگس ماولوالا کے حصے میں آیا ہے۔
نرگس ماولوالا نے ابتدائی تعلیم کراچی میں مکمل کی اور 1986 میں امریکا چلی گئی تھیں جہاں انہوں نے فلکیات میں گریجویشن کیا اور ایم آئی ٹی سے طبیعیات میں پی ایچ ڈی کرنے کے بعد اسی ادارے میں درس و تدریس اور تحقیق سے وابستہ ہوگئی تھیں۔
نرگس ماولوالا 2002 سے میساچیوسٹس انسٹی ٹیوٹ سے وابستہ ہیں، تاہم انہیں عالمی شہرت کشش ثقل کی لہروں کا پتا لگانے کے لیے ایک پروٹو ٹائپ لیزر انٹرفرومیٹر بنانے کے بعد ملی تھی۔