آرمی چیف سعودی عرب پہنچ گئے
ریاض: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اہم دورے پر سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچ گئے۔
پیر کی صبح جب وہ ریاض کے ہوائی اڈے پر پہنچے تو ان کے ساتھ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی موجود تھے۔
ایئرپورٹ پر ان کا استقبال سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر راجا علی اعجاز اور دیگر اعلیٰ حکام نے کیا۔
قبل ازیں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق یہ دورہ پہلے سے طے شدہ اور دونوں ملکوں کے درمیان موجود قریبی دفاعی تعاون سے متعلق ہے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی تھی۔
گذشتہ ہفتے اس دورے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا تھا کہ پاکستان سعودی تعلقات بہترین ہیں اور بہترین رہیں گے۔
اب تک سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے سربراہ اس دورے کے دوران اعلیٰ سعودی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں دونوں ملکوں کے درمیان قائم دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ان ملاقاتوں کے دوران دو طرفہ دفاعی امور کے علاوہ علاقائی سلامتی کی صورت حال اور دفاعی تعلقات میں مزید تعاون پر بھی غور کیا جائے گا۔