پاکستان: کورونا کے مزید 19 کیسز، متاثرین کی تعداد 53 ہوگئی

کراچی/ لاہور: پنجاب اور سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 19 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 53 ہوگئی ہے۔
سندھ کے وزیراعلی کا کہنا ہے کہ  آج سکھر سے آئے 40 سیمپلز ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے 13 مثبت آئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سکھر میں 293 زائرین تفتان سے آئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں بہت زیادہ احتیاط کرنے کی ضرورت ہے اور مزید ادویات اور اسٹاف سکھر بھیج رہا ہوں۔

قبل ازیں محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں کورونا وائرس کے مزید 4 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تین مریض کچھ دن قبل سعودی عرب سے واپس آئے تھے جب کہ ایک مریض کی کوئی ٹریول ہسٹری نہیں ہے۔ بعد ازاں سندھ کے حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے ٹوئٹ کرکے بتایا کہ گزشتہ رات بلوچستان سے کراچی آنے والے شہری کا بھی کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد آج کراچی میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 35 ہوگئی جن میں سے 2 مریض صحتیاب ہو کر گھر جاچکے ہیں۔
ادھر پنجاب حکومت کی ترجمان مسرت چیمہ نے بھی صوبے میں پہلے کیس کی تصدیق کی ہے۔ 

ان کا کہنا ہے کہ متاثرہ مریض کو میو اسپتال میں آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے جبکہ اس کے اہل خانہ اور گھر کے ملازمین کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔

دوسری جانب چیف سیکرٹری پنجاب کا کہنا ہے کہ وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں صوبے میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
سندھ اور پنجاب میں کورونا وائرس کے نئے مریضوں کی تصدیق کے بعد ملک میں متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 52 ہوگئی ہے۔ 

اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ سندھ سے 35،  بلوچستان میں 10، اسلام آباد میں 4، گلگت بلتستان میں 3 اور پنجاب میں ایک مریض ہے۔ 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔