حج کا رُکن اعظم وقوف عرفہ ادا!
مکہ مکرمہ: عازمین حج نے حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کرلیا۔ مسجد نمرہ سے مفتیِ اعظم نے خطبہ حج دیا جس کے بعد نماز ظہر اور عصر ایک ساتھ ادا کی گئی۔
عصر اور مغرب کے درمیان وقوف ہوا جس میں حجاج نے اللہ رب العزت کے حضور خصوصی دعائیں کیں، سورج غروبِ ہوتے ہی حاجی مزدلفہ روانہ ہوجائیں گے، جہاں پہنچ کر مغرب اور عشاء کی نمازیں ایک ساتھ ادا کریں گے۔
مزدلفہ میں رات کھلے آسمان تلے گزاریں گے اور شیطانوں کو مارنے کے لیے کنکریاں چنیں گے، جمعہ کی صبح نماز فجر کی ادائیگی کے بعد حاجی واپس منیٰ چلے جائیں گے۔
شیطان کو کنکریاں ماریں گے اور قربانی ادا کرکے اور بال منڈوا کر احرام کھول دیں گے اور عام لباس زیب تن کر لیں گے، حاجی طواف زیارہ کے لیے خانہ کعبہ جائیں گے اور پھر واپس منٰی آ جائیں گے۔ گذشتہ روز بھی عازمین نے قرنطینہ ختم کرکے خانہ کعبہ کا طواف کیا اس دوران سماجی فاصلے کو مدنظر رکھا گیا۔