وزیر اعظم کی ہدایت پر سربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی کی نصیر سومرو سے ملاقات
کراچی: بیت المال سندھ کے سربراہ حنید لاکھانی نے وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر پاکستان کے طویل القامت شخص نصیر سومرو سے ملاقات کی اور ایک لاکھ 20 ہزار کا چیک پیش کیا۔
تفصیلات کے مطابق نصیر سومرو کافی عرصے سے علیل ہیں، اُنہیں وینٹی لیٹر کے ذریعے اپنی سانسوں کی ڈور کو بحال رکھنے کے لیے ہر مہینے 36 ہزار روپے کی ضرورت پڑتی ہے، نصیر سومرو نے گزشتہ دنوں وزیراعظم سے مدد کی اپیل کی تھی۔
اب وزیر اعظم کی ہدایت پر سربراہ بیت المال طویل القامت قومی شخصیت سے ملے، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ نصیر سومرو پاکستان کا اثاثہ ہیں، اُنہیں جلد صحت کارڈ دیا جائے گا۔
پیٹرن ان چیف، وائس آف سندھ نے کہا کہ نصیر سومرو کی حالت دیکھ کر بہت افسوس ہوا، وزیراعظم کی ہدایت پر بیت المال کی ٹیم کے ہمراہ یہاں پہنچا ہوں، نصیر سومرو پاکستان کے سفیر ہیں، بیت المال کی ٹیم نصیر سومرو سے مسلسل رابطے میں رہے گی اور ان کی خبر گیری اور مدد کرتی رہے گی۔
ممتاز ماہر تعلیم اور سیاست داں حنید لاکھانی نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کو بھی نصیر سومرو کی مدد کے لیے آگے آنا چاہیے۔ انتہائی دُکھ کی بات ہے کہ ہمارے ہاں قومی ہیروز کی قدر نہیں کی جاتی۔