غم عاشقی تیرا شکریہ: راحت فتح علی خان کا نیا گیت عید پر ریلیز ہوگا
کراچی: سروں کے سلطان، استاد راحت فتح علی خان کے نئے گیت غم عاشقی تیرا شکریہ کی ریلیز کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔
تفصیلات کے مطابق عالمی شہرت یافتہ گائیک استاد راحت فتح علی خان نے نامور شاعرہ پروین شاکر کے کلام کو گیت کی شکل دے کر شائقین کے دل جیت لیے، گانے کی پہلی جھلک نے دھوم مچا دی۔
دل کے تاروں کو چھونے والے گیت کی موسیقی نوجوان میوزک ڈائریکٹر کامران اختر نے ترتیب دی ہے، معروف میوزک پروڈیوسر سلمان احمد نے اسے پروڈیوس کیا۔
سلمان احمد اس سے قبل استاد راحت فتح علی خان کا سپرہٹ سونگ محبت بھی ضروری ہے پروڈیوس کر چکے ہیں۔
راحت فتح علی خان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ گیت عید الاضحی پر ریلیز ہوگا۔
ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران میں نے سب سے زیادہ اپنے مداحوں کو یاد کیا، سب کے لیے دعا کا۔
تخلیق وقت مانگتی ہے، کورونا کی وجہ سے اپنے نئے گانے تخلیق کرنے کا وقت ملا، یہ گیت مداحوں کے لیے عید کا تحفہ ثابت ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ امتیابھ بچپن کی بیماری کا سن کر افسوس ہوا، وہ ہمارے قوال خاندان سے بہت پیار کرتے ہیں۔ مجھے ایشوریا اور ابھیشک بچن کی شادی پر پرفارمینس کے لیے مدعو کیا تھا۔
انھوں نے مزید کہا کہ شہرت نے میرا دماغ کبھی خراب نہیں کیا، بچپن سے استاد نصرت فتح علی خان نے سچی موسیقی کی تربیت دی، غم عاشقی سے خود تو نہیں گزرا، مگر ساری زندگی موسیقی سے عشق کیا۔
یاد رہے کہ 26 جون 2019 کو لندن میں فن موسیقی کے لیے خدمات کے اعتراف میں آکسفورڈ یونی ورسٹی نے راحت فتح علی خان کو ڈاکٹریٹ کی ڈگری سے نوازا تھا۔
علاوہ ازیں وہ سو سے زیادہ پاکستانی اور بالی وڈ فلموں کے لیے گیت گا چکے ہیں۔