اسٹاک ایکسچینج میں 406 پوائنٹس کا اضافہ، ڈالر اور سونا سستا!
کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 406 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جب کہ روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت میں 41 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ دوسری طرف سونا 1300 روپے فی تولہ سستا ہوگیا۔
کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان برقرار رہا۔ دوران ٹریڈنگ مارکیٹ 38 ہزار 700 کی سطح پر بھی گئی، مگر اختتام پر 100 انڈیکس 406 پوائنٹس کے اضافے سے 38 ہزار 627 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، جس کے باعث حصص کی مالیت 60 ارب روپے سے زائد بڑھ گئی۔
آج ڈالر کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ انٹر بینک میں ڈالر 41 پیسے کمی کے بعد 166 روپے 45 پیسے پر بند ہوا۔ ڈالر اپنی بلند ترین سطح سے ایک روپیہ 84 پیسے سستا ہوچکا ہے۔ 22 جون کو ڈالر 168 روپے 30 پیسے تک پہنچا تھا۔
دوسری جانب عالمی منڈی میں سونے کی قیمت 12 ڈالر کمی کے بعد 1930 ڈالر فی اونس ہوگئی۔ عالمی منڈی میں سونا سستا ہونے سے مقامی مارکیٹ میں بھی اس کے نرخ کم ہوگئے۔
سونے کی فی تولہ قیمت 1300 روپے کمی کے بعد ایک لاکھ 22 ہزار 500 روپے جبکہ 10 گرام سونا 1114 روپے کمی کے بعد ایک لاکھ 5 ہزار 24 روپے میں فروخت ہوا۔