اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس عید کے فوری بعد، شہباز میزبانی کریں گے
اسلام آباد: حزب اختلاف کی آل پارٹیز کانفرنس عیدالاضحیٰ کے فوراً بعد ہوگی اور اس کی میزبانی مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کریں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق اپوزیشن نے حکومت کے خلاف بھرپور تحریک کے لیے لائحہ عمل طے کرلیا، جس کے تحت عیدالاضحیٰ کے فوراً بعد اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس اسلام آباد میں ہوگی، جس کی میزبانی مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کریں گے۔ کانفرنس کی تاریخ کا حتمی اعلان بھی شہباز شریف کریں گے۔
اے پی سی میں مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی سمیت تمام اپوزیشن جماعتیں شریک ہوں گی۔ کانفرنس میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے صدر اختر مینگل بھی شریک ہوں گے۔ کانفرنس میں حکومت کی 2 سال کی کارکردگی اور معاشی صورت حال کو زیر بحث لایا جائے گا، کانفرنس میں نیب سمیت اپوزیشن کے خلاف حکومتی کارروائیوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ مجوزہ حکومتی آئینی ترامیم پر بھی غور کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ دنوں مسلم لیگ (ن)، جے یو آئی (ف) اور بی این پی مینگل کے سربراہ اختر مینگل سے ملاقاتیں کی ہیں۔