تاریخ میں کسی وزیراعظم نے اتنے این آر او نہیں دیے، بلاول
اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جتنے این آر او عمران خان نے دیے تاریخ میں کسی وزیراعظم نے نہیں دیے اور تازہ ترین این آر او کل بھوشن کو دیا گیا۔
کل بھوشن یادیو کو سزا کے خلاف اپیل کا حق دینے سے متعلق آرڈیننس پر قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان اقتدار میں آئے تو کہا کہ کسی کو این آر او نہیں دوں گا، جتنے این آر او عمران خان نے دیے، تاریخ میں کسی وزیراعظم نے نہیں دیے، جہانگیر ترین، بی آر ٹی، مالم جبہ، بلین ٹری، چینی چوری پر این آر او دیا گیا، احسان اللہ احسان کو بھی این آر او دیا گیا، احسان اللہ احسان کی رہائی کا جواب آج تک ایوان میں نہیں دیا گیا، وزیراعظم نے دہشت گردوں کی کبھی مخالفت نہیں کی، جن دہشت گردوں نے ہمارے بچوں کو شہید کیا ان پر بات تک نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ جو پائلٹ پاکستان پر حملہ کرنے آیا، اس کو چائے پلادی اور واپس چھوڑ دیا، تازہ ترین این آر او کل بھوشن کو دیا گیا، سینیٹ میں کل بھوشن کو ریلیف دینے کا معاملہ اٹھا تو آج آرڈیننس جاری کیا گیا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے کہا کہ نیب کو سیاسی طور پر استعمال کیا جارہا ہے، نیب کا ادارہ غیر آئینی بن چکا، ہمیں نئے احتساب ادارے کی طرف جانا ہوگا جو سب کا احتساب کرے، ایک نیا احتساب ادارہ بنائیں جو حکومت اور اپوزیشن دونوں کا احتساب کرے۔