پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے بعد ٹرانسپورٹرز من مانے کرائے وصول کرنے لگے
فیصل آباد: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد فیصل آباد میں ٹرانسپورٹرز نے من مانے کرائے وصول کرنا شروع کر دئیے۔ مسافر مجبوری کی حالت میں ٹرانسپورٹرز کے ہاتھوں لٹ رہے ہیں۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوتے ہی مہنگائی کا جن سر چڑھ کر بولنے لگا۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ٹرانسپورٹرز نے اندرون اور بیرون شہر کرایوں میں من مانے اضافے کر دیئے۔
شہریوں کا کہنا ہے ٹرانسپورٹرز نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے پر کرائے کم تو نہیں کیے لیکن قیمتیں بڑھنے پر کرایوں میں از خود اضافہ کر دیا۔ مسافر کہتے ہیں کہ ٹرانسپورٹر گاڑیوں میں کرایہ نامہ ہی آویزاں نہیں کرتے۔
سیکرٹری آر ٹی اے کہتے ہیں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا ٹرانسپورٹ پر اثر تو ہو گا لیکن ابھی سرکاری سطح پر کرائے نہیں بڑھائے گئے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ہو گی۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ حکام ٹرانسپورٹرز سے سرکار کی طرف سے جاری شدہ کرائے نامے گاڑیوں میں آویزاں کروائے تا کہ ٹرانسپورٹرز کی لوٹ مار کا سدباب کیا جا سکے۔