سانحہ 9 مئی: عمران خان کی جمعہ کو جے آئی ٹی میں طلبی
اسلام آباد: سانحہ 9 مئی کے حوالے سے قائم کردہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے 9 مئی کو جناح ہاؤس پر حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کے کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو جمعہ کو طلب کرلیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کو تمام نامزد مقدمات میں طلب کیا گیا ہے اور انہیں جے آئی ٹی نے چوتھی مرتبہ طلب کیا ہے۔
پولیس کے مطابق عمران خان صرف ایک مرتبہ اب تک پیش ہوئے، جے آئی ٹی کے ارکان کو دھمکانے پر چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف تھانے میں شکایت درج ہے۔
خیال رہے کہ عمران خان 9 مئی کے واقعات کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کے سامنے 14 جولائی کو پہلی بار پیش ہوئے تھے، انہیں لاہور کے قلعہ گجر پولیس ہیڈکوارٹرز میں جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کے لیے طلب کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں متعدد مقامات پر پُرتشدد مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا، اس دوران شرپسند کارکنوں نے ریاستی اور فوجی تنصیبات پر دھاوا بول دیا۔
3 روز کے پُرتشدد احتجاج کے دوران 8 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے، اس دوران ریاست و فوجی املاک کو بھی نقصان پہنچایا گیا، ملکی صورت حال کو کنٹرول کرنے کیلئے حکومت پاکستان نے کئی روز تک انٹرنیٹ معطل رکھا۔
بعد ازاں حکومت نے 9 مئی کو یوم سیاہ قرار دیتے ہوئے شرپسندوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا، جس میں آرمی ایکٹ کے تحت مقدمات چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔