سرائے نورنگ بازار دھماکے میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد جاں بحق

لکی مروت: خیبر پختون خوا کے ضلع لکی مروت کی تحصیل سرائے نورنگ میں نورنگ ریلوے پھاٹک کے قریب دھماکا ہوا ہے۔
پولیس نے دھماکے کی تصدیق کی ہے جب کہ اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ دھماکے میں اب تک 9 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، جاں بحق افراد میں 2 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
پولیس نے کہا کہ دھماکے میں جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق لکی مروت کے سرائے نورنگ بازار میں ہونے والے دھماکے میں 7 افراد جاں بحق ہوئے، جاں بحق ہونے والوں میں 2 ٹریفک پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں خاتون اور بچے بھی شامل ہیں، ہسپتال ذرائع کے مطابق سرائے نورنگ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
سرائے نورنگ اسپتال کے ایم ایس نے کہا کہ اب تک جاں بحق افراد کی تعداد 9 ہو گئی، جائے وقوعہ سے 42 افراد اسپتال لائے گئے جن میں سے 9 جاں بحق ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق دھماکے میں موٹر سائیکل میں نصب دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا، سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
بعدازاں ڈی آئی جی سجاد خان نے کہا کہ دھماکے میں 2 ٹریفک پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد شہید جب کہ 23 افراد زخمی ہوگئے، ابتدائی تحقیقات میں دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا، زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی کے مطابق پولیس کی بھاری نفری علاقے میں سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن میں مصروف ہے، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
واضح رہے کہ خوارج نے اپنے بھارتی آقاؤں کے اشاروں پہ غضب للحق کے کامیاب آپریشنز کے نتیجے میں حواس باختہ ہو کے سول اور سوفٹ ٹارگٹس کو نشانہ بنانا شروع کردیا ہے۔
اس واقعے کے بعد لکی مروت کے عوام میں خوارج کے خلاف شدید غم و غصہ پایا جارہا ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے لکی مروت سرائے نورنگ بازار میں دھماکے میں 2 ٹریفک پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد کے شہید ہونے پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ دہشت گردی کی عفریت کے خاتمہ کے لیۓ تمام متعلقہ ادارے اور حکومت غیر متزلزل عزم کے ساتھ بھرپور انداز میں کام کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردوں کو ملک کے امن و ترقی کی راہ میں روکاوٹ بننے کی اجازت نہیں دی جاۓ گی، تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے اور عوام نے دہشت گردی کے خلاف اس جدو جہد میں بیش قدر قربانیاں دی ہیں۔
شہباز شریف نے واقعے کی جلد انکوائری مکمل کر کے ذمے داران کا تعین کرنے اور مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایات کی اور شہید ہونے والے افراد کے لیے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔