فخر پاکستان نوح بٹ کے لیے 50 لاکھ روپے انعام کا اعلان
اسلام آباد: فخر پاکستان نوح دستگیر بٹ کے لیے کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے پر حکومت کی جانب سے 50 لاکھ روپے انعام کا اعلان کردیا گیا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل آصف زمان نے کہا کہ نوح دستگیر بٹ نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔ وہ ہم سب کے ہیرو ہیں، وطن واپس پہنچنے پر ان کے اعزاز میں تقریب ہوگی جس میں انہیں 50 لاکھ روپے کا چیک دیا جائے گا۔
کامن ویلتھ گیمز میں اگر کوئی پاکستانی سلور میڈل لیتا ہے تو اس کے لیے 30 جب کہ برانز میڈل جیتنے والے کے لیے 10 لاکھ روپے انعام ہے، اس طرح اولمپکس میں میڈل پانے والے کے لیے ایک کروڑ روپے کا کیش ایوارڈ رکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیش ایوارڈ پالیسی میں ترمیم کرکے انعامی رقم میں اضافے کی سمری تیار کریں گے تاکہ حکومت ہر سطح پر اپنے ایتھلیٹس کی سرپرستی کرسکے۔
واضح رہے گزشتہ روز کامن ویلتھ گیمز میں پاکستانی ویٹ لفٹر نوح دستگیر بٹ نے تاریخ رقم کرتے ہوئے ملک کے لیے رواں دولت مشترکہ کے کھیلوں میں پہلا سونے کا تمغہ جیتا تھا، اسنیچ اور کلین اینڈ جرک میں سب سے زیادہ وزن چار سو کلو گرام اٹھا کر بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ، کینیڈا کے ویٹ لفٹرز کو شکست دی تھی۔
دوسری جانب جوڈو کے مائنس 90 ویٹ کیٹگری میں شاہ حسین نے برانز میڈل جیتا ہے، انہوں نے جنوبی افریقا کے کھلاڑی پرنتیج کو ناک آؤٹ کرتے ہوئے یہ میڈل اپنے نام کیا تھا۔