تحریک انصاف کے مزید 35 ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور
اسلام آباد: پی ٹی آئی کے مزید 35 ارکان کے استعفے اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے منظور کرلیے۔
نجی ٹی وی کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے مزید 35 ارکان کے استعفے منظور کرکے الیکشن کمیشن کو بھجوادیے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن اس پر آج ہی کارروائی کرے گا۔
اسپیکر کی جانب سے جن 35 پی ٹی آئی ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کیے گئے، ان میں ڈاکٹر حیدر علی خان، سلیم خان، صاحبزادہ صبغت اللہ، عامر کیانی، امجد خان نیازی، سید فخر امام، مخدوم خسرو بختیار، عندلیب عباس، ملیکہ بخاری، محبوب شاہ، بشیر خان، جنید اکبر، شیر اکبر خان، علی خان جدون، عثمان ترکئی، مجاہد علی، ارباب عامر ایوب اور شیر علی ارباب شامل ہیں۔
اسپیکر نے 31 جنرل اور 4 مخصوص نشستوں کے استعفے قبول کیے ہیں جب کہ یکے بعد دیگرے منظور ہونے والے مجموعی استعفوں کی تعداد 80 سے زائد ہوچکی ہے۔ ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کا آج ہونے والا اجلاس پی ٹی آئی کے استعفوں کے باعث ہی ملتوی کیا گیا ہے۔ ایوان میں پی ٹی آئی منحرف ارکان کے علاوہ صرف 30 سے زائد ارکان ہی باقی بچے ہیں۔
دوسری طرف ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے مزید 35اراکین کے استعفوں پر کارروائی شروع کردی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی اراکین کو آج ہی ڈی نوٹیفائی کردیا جائے گا۔
قبل ازیں اسپیکر قومی اسمبلی نے 17 جنوری کو بھی پی ٹی آئی کے 34 ارکان اور شیخ رشید احمد کا استعفیٰ منظور کرلیا تھا۔
خیال رہے کہ خیبر پختونخوا ہاؤس میں تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کا اجلاس جاری تھا، جس میں اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کے سلسلے میں حکمت عملی بنائی جارہی تھی۔
قومی اسمبلی کے اسپیکر سے ملاقات میں پی ٹی آئی وفد نے ایوان کے تین اہم عہدوں کے نام تجویز کرنے تھے، جن میں اپوزیشن لیڈر، پارلیمانی لیڈر اور چیئرمین پی اے سی کے عہدے شامل ہیں، تاہم اسی اثناء میں اسپیکر نے تحریک انصاف کے مزید 35 ارکان کے استعفے منظور کرلیے۔