مقبوضہ کشمیر: بھارتی پیراملٹری فورس پر حملہ، 2 اہلکار ہلاک

سری نگر: مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے قافلے پر حملے کے نتیجے میں 2 اہلکار ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع پلوامہ میں کنڈی جھیل پل کا افتتاح ہونا تھا، تقریب کی حفاظت پر مامور سینٹرل ریزرو فورس کی گاڑیوں پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں دو اہلکار ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔
ہلاک اور زخمی ہونے والے اہلکاروں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ریسکیو اداروں نے ہلاک شدگان اور زخمیوں کو قریبی ملٹری اسپتال منتقل کیا جہاں ایک اہلکار کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔
حملے کے بعد بھارتی فوج اور کشمیری پولیس نے داخلی و خارجی علاقوں کو بند کر کے گھر گھر تلاشی کا عمل کا شروع کر دیا ہے، تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔ حملے کے بعد افتتاحی تقریب کو معطل کردیا گیا۔
خیال رہے کہ مودی سرکار کی جانب سے متنازع بل کی منظوری کے بعد سے مقبوضہ کشمیر کو وفاق کے ماتحت دو ریاستوں میں تبدیل کردیا گیا ہے اور ممکنہ احتجاج کے پیش نظر فاشسٹ حکومت نے جگہ جگہ بھارتی فوج کے دستے تعینات کیے ہیں ،اس کے باوجود سیکیورٹی فورسز پر حملے تعجب خیز ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔