16 سالہ لڑکی فن لینڈ کی ایک دن کی وزیراعظم!

ہیلسنکی: فلموں میں تو ایک دن کے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ وغیرہ کئی بار دکھائے جاچکے ہیں، مگر حقیقت میں فن لینڈ میں ایک دن کے لیے 16 برس کی ایوا مورتو وزیراعظم بنیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے لڑکیوں کے عالمی دن کی مناسبت سے ’’گرلز ٹیک اوور‘‘ مہم کے تحت فن لینڈ کی وزیراعظم سنا مرین نے ایک دن کے لیے اپنا عہدہ نوجوان ایوا مورتو کے حوالے کردیا۔
ذمے داریاں سنبھالنے کے بعد ایوا مورتو نے قوم سے خطاب بھی کیا جسے فن لینڈ کے سرکاری ٹویٹر ہینڈلر سے بھی نشر کیا گیا۔ اپنے خطاب میں ایک دن کی وزیراعظم نے کہا کہ صنفی امتیازات کی وجہ سے ہم لڑکیوں کو زندگی کے ہر شعبے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ہم محض ’’مظلوم‘‘ نہیں۔ ہماری مدد سے کئی مسائل حل ہوسکتے ہیں۔


ایوا مورتو نے لڑکیوں کے ساتھ آن لائن فورمز پر ہراسانی کے مسئلے کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ صنفی عدم مساوات کو دُور کرنے کے لیے لڑکیوں کو ٹیکنالوجی تک رسائی اور یکساں مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔
ایک دن کے لیے وزیراعظم کے عہدے پر فائز ہونے والی ایوا مورتو نے کوئی سرکاری حکم نامہ یا قانون تو جاری نہیں کیا، تاہم انہوں ںے ٹیکنالوجی کے میدان میں لڑکیوں کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کے لیے اہم ملاقاتیں کیں۔
’’گرلز ٹیک اوور‘‘ کے اس مہم کے تحت ہر سال مختلف ممالک میں لڑکیوں کو ایک دن کے لیے مختلف سرکاری اور نجی اداروں کا کوئی اہم عہدہ دیا جاتا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔