قلات میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں فتنہ الہندوستان کے 12 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی: بلوچستان کے ضلع قلات میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا، جس میں فتنہ الہندوستان کے 12 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر کیاگیا، پناہ گاہ کی نشان دہی، نگرانی اور بروقت کارروائی کے ذریعے دہشت گردوں کا صفایا کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے ٹھکانے سے برآمد اسلحہ اور گولا بارود، آئی ای ڈیز بھی موقع پر تباہ کردیے گئے، علاقے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ عزمِ استحکام کے وژن کے تحت سیکیورٹی فورسز کی دہشت گردی کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون شاہد رند نے بتایا کہ بھاگ شہر میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا گیا ہے، پولیس کی جواں مردانہ مزاحمت سے دہشت گرد پسپا ہوگئے، دہشت گردوں نے پولیس اسٹیشن، بینک اور اسسٹنٹ کمشنر آفس پر حملہ کیا تھا۔
شاہد رند نے کہا کہ قریباً 40 دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں، راکٹ اور دستی بموں سے حملہ کیا، دہشت گرد پولیس اسٹیشن بھاگ پر قبضہ اور اسلحہ چھیننے میں ناکام رہے، ان کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار اور 3 شہری زخمی ہوئے۔
معاون وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ دہشت گرد بینک سے کوئی نقدی لوٹنے میں کامیاب نہ ہوسکے، بم ڈسپوزل یونٹ نے بینک میں دہشت گردوں کی نصب کردہ آئی ای ڈی بھی ناکارہ بنادی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔