کپتان بابراعظم اور رضوان فریضہ حج ادا کرنے سعودیہ پہنچ گئے
مکہ مکرمہ: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کپتان بابراعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو مسجد نبوی کے سامنے دیکھا جاسکتا ہے، دونوں کرکٹرز نے اپنے عرب مداح کے ہمراہ تصویر کھنچوائی جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔
کپتان بابراعظم اور وکٹ کیپر بیٹر مقدس فرض کی ادائیگی کے لیے اپنی والدہ اور اہلیہ کے ہمراہ سعودی عرب میں مقیم ہیں۔
حج کی ادائیگی کے باعث پی سی بی نے دونوں کرکٹرز کو لاہور میں جاری ٹڑیننگ کیمپ میں شرکت سے مستثنیٰ قرار دیتے ہوئے خصوصی اجازت دی تھی۔
رضوان اور بابراعظم سری لنکا کے خلاف آئندہ ٹیسٹ ٹور کی تیاری کے لیے جولائی کے پہلے ہفتے میں کراچی میں دوبارہ ٹیم جوائن کریں گے۔
خیال رہے کہ بابراعظم اور رضوان سمیت پاکستانی عازمین کی بڑی تعداد حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے سعودی عرب پہنچ رہی ہے، مذہبی امور کے وزیر مفتی عبدالشکور نے بتایا تھا کہ کُل ایک لاکھ 79 ہزار سے زائد پاکستانی حج کی سعادت حاصل کریں گے۔
اس سے قبل بابراعظم نے افتخار احمد، فہیم اشرف، حارث رؤف اور دیگر قومی کرکٹرز کے ساتھ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عمرہ کی ادائیگی کے لیے مقدس شہر مکہ مکرمہ کا سفر کیا تھا۔