کورونا وبا ساڑھے تین لاکھ زندگیاں نگل گئی، متاثرین 55 لاکھ سے متجاوز
نیویارک/ لندن/ روم: ڈبلیو ایچ او نے ہائیڈرو آکسی کلوروکوئن کا کلینکل ٹرائل روک دیا، کورونا وائرس سے اموات 3 لاکھ 48 ہزار تک پہنچ گئیں، کورونا زدگان کی تعداد 55 لاکھ 90 ہزار ہوگئی، 23 لاکھ 66 ہزار 551 افراد اب تک صحت یاب ہوچکے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ممکنہ دواہائیڈرو آکسی کلوروکوئن کا کلینکل ٹرائل عارضی طور پر روکنے کی ہدایت کردی ہے، ماہرین کے مطابق یہ دوا کورونا مریضوں میں موت کے امکانات بڑھا سکتی ہے۔
صدر ٹرمپ بھی یہ دوا کھاتے رہے ہیں جب کہ برازیل اس خدشے کے باوجود کلوروکین کا استعمال جاری رکھے ہوئے ہے۔ جاپان نے دو سال سے کم عمر بچوں کو ماسک پہننے سے روک دیا کیونکہ اس سے انہیں سانس لینے میں دشواری اور دم گھٹنے کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
عالمی وبا سے مرنے والوں کی تعداد 3 لاکھ 48 ہزار تک پہنچ گئی، متاثرہ افراد کی تعداد 55 لاکھ 90 ہزار تک پہنچ گئی جبکہ 23 لاکھ 66 ہزار 551 افراد اب تک صحت یاب ہو چکے ہیں۔
امریکا میں مزید 505 افراد ہلاک ہوئے، تعداد 99 ہزار 805 ہوگئی۔ برازیل میں مزید 806، میکسیکو میں 215، پیرو میں 173، بھارت میں 148، برطانیہ میں 121 افراد لقمہ اجل بنے۔