کورونا وبا؛ تراویح اور نمازِعید گھروں میں ادا کی جائے، سعودی مفتی اعظم
ریاض: سعودی عرب کے مفتی اعظم نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے پھیلنے والی وبا کے باعث تراویح اور عید کی نماز گھروں میں ادا کی جائے گی۔
سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق جمعے کو شیخ عبدالعزیز الشیخ نے کہا کہ رواں برس کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے اختیار کی گئی تدابیر کے پش نظر مساجد میں نمازِ تراویح کا اہتمام نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ اگر وبا کا پھیلاؤ ماہ مبارک میں بھی جاری رہا تو عید الفطر کی نماز بھی گھروں میں ادا کی جائے گی۔ رمضان المبارک کے آغاز سے تقریباً ایک ہفتے قبل سعودی مفتی اعظم کا یہ بیان سامنے آیا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی وزارت حج و عمرہ نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عمرہ اور حج مؤخر کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ سعودی عرب میں اب تک 6 ہزار 380 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص اور 83 افراد کی ہلاکت ہوچکی ہے جب کہ 990 متاثرین صحت یاب ہوچکے ہیں۔