کورونا وبا، سماجی فاصلہ برقرار رکھنے والے جوتے متعارف
رومانیہ: کورونا وبا کے پیش نظر سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے والے جوتے تیار کیے گئے ہیں۔ اس جوتے کا اگلا حصہ اتنا لمبا ہے کہ وہ سامنے والے کو پرے ہٹانے کے لیے کافی ہے۔
یہ ایجاد رومانیہ کے جوتا ساز ماہر گریگور لیوپ نے کورونا لاک ڈاؤن کے دوران کی ہے۔ جوتے کا اگلا حصہ غیر معمولی طور پر بہت لمبا ہے جسے یورپی سائز کا 75 نمبر دیا گیا ہے۔ خالص چمڑے سے بنے اس جوتے کی قیمت 115 ڈالر یعنی پاکستانی 18 ہزار روپے کے لگ بھگ ہے۔
لیوپ نے بتایا کہ لوگ سماجی فاصلے کا بالکل بھی خیال نہیں کررہے ہیں، لٰہذا انہیں اپنے 39 سالہ فنی سفر میں عجیب وغریب جوتا بنانے کا خیال آیا۔
گریگور لیوپ کے مطابق اگر ملنے والے دو افراد ان کے جوتے پہن کر آمنے سامنے آجائیں تو دونوں کے درمیان ڈیڑھ میٹر کا فاصلہ برقرار رہ سکتا ہے۔