کورونا وائرس دُنیا بھر میں 59 ہزار سے زائد زندگیاں نگل گیا
بیجنگ/ واشنگٹن: پورے عالم میں کورونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں، دُنیا بھر میں اس عالمی وبا سے اموات کی تعداد 59 ہزار 172 ہوگئی، قریباً گیارہ لاکھ افراد اس عالمی وبا کا شکار ہوگئے، چین میں کورونا سے ہلاک افراد کی یاد میں ایک دن کا سوگ منایا گیا۔
اٹلی میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 14 ہزار 681 ہوگئی۔ ایک لاکھ 19 ہزار 827افراد عالمی وبا کی لپیٹ میں ہیں۔ اسپین میں کورونا سے 11 ہزار 198 افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔ فرانس میں اب تک 6 ہزار 507 افراد کورونا سے ہلاک ہوچکے ۔
برطانیہ میں 3 ہزار 605 افراد جان سے گئے۔ جرمنی میں 1275، چین میں 3 ہزار 326، ایران میں 3 ہزار 294 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، بھارت میں مرنے والوں کی تعداد 72 ہوگئی۔
ادھر چین نے دہشت زدہ بیماری پر قابو پا کر دنیا کو امید کی نئی کرن دے دی۔ چین میں کورونا سے مرنے والے مریضوں اور طبی عملے کی یاد میں ہفتہ کو ایک روزہ سوگ منایا گیا۔ ملک بھر میں تین منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ سفارتخانوں اور قونصلیٹ پر پرچم سرنگوں رہے، ڈاکٹر لی سمیت طبی عملے کے 14 ارکان کے لیے اعزاز کا اعلان ہوا۔