کراچی سمیت سندھ میں 7 سے 10 ستمبر کے دوران شدید بارشوں کی پیش گوئی

کراچی: محکمۂ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ سندھ بھر میں 7 سے 10 ستمبر کے دوران وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ شدید بارشیں متوقع ہیں، جن کے باعث نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہوا کا کم دباؤ 6 ستمبر کو بھارتی ریاست راجستھان اور سندھ کے ملحقہ علاقوں تک پہنچ سکتا ہے، جس کے بعد 6 ستمبر کی شام یا رات سے تھرپارکر، عمرکوٹ اور میرپورخاص میں بارشوں کا آغاز متوقع ہے۔
سانگھڑ، خیرپور، شہید بینظیرآباد، مٹیاری، ٹنڈوالٰہ یار اور ٹنڈو محمد خان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
کراچی کے مضافاتی علاقوں میں 7 ستمبر کو کہیں کہیں ہلکی بارش ہوسکتی ہے، تاہم 8 سے 10 ستمبر کے دوران شہر کے کئی مقامات پر تیز بارش کے ساتھ موسلا دھار بارش بھی متوقع ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ شدید بارشوں کے نتیجے میں کراچی کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے، ٹریفک کی روانی متاثر ہونے اور اربن فلڈنگ جیسے حالات پیدا ہوسکتے ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسم کی صورت حال پر نظر رکھیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ ایمرجنسی سروسز کو الرٹ کردیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹا جاسکے۔