چین کا بھارت سے لداخ واقعے کے ذمے داروں کو سزا دینے کا مطالبہ
بیجنگ: چین کے وزیر خارجہ نے بھارتی ہم منصب کو ٹیلی فون کرکے گلوان میں پیش آنے والے واقعے کی مکمل تحقیقات اور ذمے داروں کو سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
لداخ کے علاقے وادی گلوان میں بھارت اور چین کے درمیان کشیدگی برقرار ہے، چین کی فوج نے لداخ میں درہ قراقرم کے قریب نئی پوزیشنیں سنبھال لی ہیں جب کہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ بھی ہوا ہے۔
چینی وزیر خارجہ نے اپنے بھارتی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ گلوان میں پیش آنے والے واقعے کی مکمل تحقیقات کرکے ذمے داروں کو سزا دی جائے۔ چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت علاقائی خودمختاری کے عزم کو ہلکا نہ لے اور آئندہ ایسے واقعات سے بچنا ہے تو فوری ہر قسم کی اشتعال انگیزی بند کرے۔
دوسری جانب بھارتی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت بات چیت سے سرحدی تنازع کا حل چاہتا ہے جب کہ بھارتی وزیراعظم مودی نے کل آل پارٹیز کانفرنس طلب کرلی ہے۔